Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 ستمبر 2023 05:28pm

مستونگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، داعش رہنما ہلاک

مستونگ میں انسداد دہشتگردی کے محکمے ”سی ٹی ڈی“ نے کارروائی کی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا رہنما ہلاک ہوگیا۔

سی ٹی ڈی نے داعش بلوچستان کے خلاف اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

سی ٹی ڈی بلوچستان کو اطلاع ملی تھی کہ دہشتگرد غلام دین المعروف شعیب مستونگ اور اس کے گردونواح میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے مستونگ آیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا اور جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو اسے سی ٹی ڈی نے ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن اس نے فائرنگ شروع کر دی اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

لیکن چونکہ منصوبہ بندی پہلے سے کی گئی تھی اس لیے اسے پوری طاقت سے جواب دیا گیا اور دہشتگرد کراس فائرنگ میں مارا گیا۔

غلام دین شاہوانی عرف شعیب داعش بلوچستان چیپٹر کے سرغنہ میں سے ایک تھا۔

اس نے ٹی ٹی پی سے وزیرستان میں تربیت حاصل کرنے کے بعد 2015 میں داعش میں شمولیت اختیار کی۔

وہ بلوچستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، جن میں مولانا عبدالغفور حیدری صاحب پر مستونگ میں حملہ،2016 میں کوئٹہ میں وکلاء پر خودکش حملہ، قطہ مستونگ ڈھادر میں پولیس اور لیویز کی متعدد ٹارگٹ کلنگز، مولانا سراج الحق پر حملہ، مچھ میں ہزارہ کول مزدوروں کا قتل، سبی میلے پر ایک سے زیادہ حملے، کوئٹہ میں پولیس پر متعدد حملے شامل ہیں۔

Read Comments