محکمہ موسمیات نے 15 ستمبر سے ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ 15 سے 20 ستمبر کے دوران آندھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ 16 ستمبر سے مغربی ہوائیں بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر گلگت، بلتستان مری گلیات سمیت پنجاب کے اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، جبکہ کرم لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرک، وزیرستان اور جنوبی پنجاب میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ راجن پور، موسی خیل، بارکھان، ژوب، قلات، خضدار، میرپور خاص، تھرپارکر، خیرپور، عمر کوٹ، میں بارش کی توقع ہے۔
بارشوں کے باعث گلگت بلتستان، کشمیر، گلیات، چترال ،ایبٹ آباد، راولپنڈی اور اسلام آباد میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر سولر پینل کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات بارشوں کے باعث تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے ۔۔