وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی سے انکی فیملی نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ان کے گھر والوں کی ملاقات کے موقع پر پی ٹی آئی وائس چیئرمین کے وکیل بھی موجود تھے۔
سابق وزیر خارجہ کی ملاقات سے متعلق ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں شاہ محمود سے اہلیہ ، بیٹا اور 2 بیٹیوں نے ملاقات کی۔
ملاقات کے حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ شاہ محمود نےقانونی معاملات پر وکلا سے مشاورت کی۔
واضح رہے کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمہ پندرہ اگست کو سابق سیکرٹری داخلہ کی مدعیت میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج ہوا۔
مقدمہ ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مندرجات کے مطابق ایف آئی اے ٹیم سائفر کیس میں تحقیقات کر رہی ہے، شاہ محمود نے سائفر کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی نامزد ہیں۔
مقدمے میں کہا گیا کہ سائفر کا استعمال بدنیتی سے کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود نے خفیہ دستاویزات عام کئے اور ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ نے سائفر میں موجود اطلاعات غیرمجاز افراد تک پہنچائیں۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ نے مذموم مقاصد اور ذاتی فائدے کے لیے حقائق کو مسخ کیا اور دونوں نے ریاست کے مفادات کو خطرے میں ڈالا، مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے سائفر کے مندرجات کے غلط استعمال کی سازش کی گئی۔