Aaj Logo

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2023 10:50pm

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 4 روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے

Welcome

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی چار روزہ دورے پر لندن پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ دورہ برطانیہ کے بعد امریکا بھی جائیں گے۔

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی منگل سے لندن میں شروع ہونے والے دولت مشترکہ یوتھ وزارتی اجلاس (سی وائی ایم ایم) کے دسویں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) میں تعلیم، روزگار، مصروفیت اور ماحولیات کے چار اہم شعبوں کی نشاندہی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

لندن میں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دولت مشترکہ میں شریک ہونے والے حکام سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی لندن میں 4 روز تک قیام کریں گے، اور برطانوی ہم منصب جیمزکلیورلی سے ملاقات کریں گے۔

وزیر خارجہ کے غیر ملکی دورے کے حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ جلیل عباس جیلانی 16 ستمبر کو امریکا پہنچیں گے، وزیرخارجہ جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کی معاونت کرینگے۔ جلیل عباس جیلانی نیویارک میں اہم وزارتی اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

انوار الحق کاکڑ ، پہلے نگراں وزیر اعظم ہوں گے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وہ 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کے سربراہ اجلاس سے خطاب کریں گے اور اسی دن اپنی تقریر کے بعد واپس آئیں گے۔

Read Comments