پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی رہائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
پرویز الہٰی کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست میں سپریم کورٹ سے پرویز الہٰی کا رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پرویز الٰہی نے عدالت کے سامنے جیل انتظامیہ کیخلاف شکایات کا انبار لگا دیا
ساتھ ہی یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ پرویز الہٰی کو کسی اور مقدمے میں گرفتار کیے جانے روکے۔
خیال رہے کہ منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر رہائی کے بعد چوہدری پرویز الہیٰ کو پولیس لائن سے ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا تھا۔
اس بار ان کی جناح ہاؤس مقدمے میں گرفتاری ڈالی گئی ہے۔
گرفتاری کے بعد انہیں اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے عدالتی حکم پر سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہٰی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف 11 ستمبر کو قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
قیصرہ الہٰی نے پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی ہے۔
توہین عدالت کی درخواست میں متعلقہ پولیس افسران کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سمیت دیگر پولیس افسران نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی لہذا عدالت ان افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔