جنوبی افریقی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں 127 رنز سے شکست دے دی۔ مہمان ٹیم نے 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
پاکستان اور جنوبی افریقی ویمنز ٹیمیوں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کراچی میں کھیلا گیا۔
جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
میریزین کیپ اور سونی لوس نے سنچریاں اسکور کیں، چوتھی وکٹ کی شراکت میں دونوں کے درمیان 183 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ سونی لوس 107 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ میریزین کیپ نے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
مہمان ٹیم کے 293 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 37 ویں اوور میں 165 رنز پرڈھیر ہوگئی۔ قومی ٹیم کی عالیہ ریاض 49 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر ہیں۔
جنوبی افریقا کی طرف سے نادینی ڈی کالریک اور نوکولو لیکو نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔