وزارت صحت نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ 10 ستمبر بروز اتوار کو منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نگراں وزیر صحت نے امتحانات کو ری شیڈول کرنے سے متعلق اپنا بیان واپس لے لیا۔
جمعہ کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ “یہ مزید واضح کیا جاتا ہے کہ ایم ڈی سی اے ٹی امتحانات پہلے سے طے شدہ تاریخ یعنی 10 ستمبر بروز اتوار 2023 کو ملک بھر میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت صحت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے لئے ایم ڈی سی اے ٹی کو الگ سے لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور کی ضلعی انتطامیہ نے ایم ڈی کیٹ امتحان والے روز 10ستمبر کو 9 مقامات پر دفعہ 144نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اتوار کو امتحانی مراکز کے اطراف 100 میٹرکی حدود میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار10 ستمبر کو لاہورکالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اورگورنمنٹ اپوا کالج جیل روڈ کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
اس کے علاوہ ڈی پی ایس اسکول ماڈل ٹاؤن، ڈی پی ایس اسکول ٹاؤن شپ، گورنمنٹ کالج فارویمن ٹاؤن شپ اورکوئین میری کالج کے اطراف بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز پرموبائل فون ،ڈیجیٹل ڈیوائسز اور اسلحہ کی موجودگی جرم تصور ہوگا۔