اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کے عہدہ صدارت کی آئینی مدت آج مکمل ہو رہی ہے۔
عارف علوی نے 9 ستمبر 2018 کو صدارتی منصب سنبھالا تھا تاہم ذرائع کے مطابق اس بات کی کوئی حتمی اطلاع نہیں ہے کہ وہ ایوان صدرخالی کریں گے یا نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عارف علوی نئے صدر کے انتخاب تک فرائض کی انجام دہی جاری رکھ سکتے ہیں۔
آئین کے آرٹیکل 44 (1) کے تحت موجودہ صدر نئے صدر کے انتخابات تک عہدے پر فائزرہ سکتے ہیں۔
قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے صدارتی الیکشن کے لئے لازم الیکٹرول کالج موجود نہیں ہے، اگر صدر مملکت مستعفی ہوجائیں تو چیئرمین سینٹ قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالتے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ صدرمملکت مستعفی ہونا چاہیں تو اپنا استعفی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائیں گے۔
انہوں نے گزشتہ ہفتے بعض اہم مشاورتی میٹنگز بھی کی ہیں۔ گزشتہ روز 7 ستمبرکو بھی سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے بھی صدر سے طویل ملاقات کی تھی۔