کوئٹہ: کسٹم اہلکاورں کی مبینہ فائرنگ سے قلعہ عبداللہ کے تاجر قسیم آغا جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق پیر کی صبح چمن سے کوئٹہ آنے والا ٹرک کو کوئٹہ کے علاقے ایدھی چوک پر نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کے نتیجے میں قلعہ عبداللہ کے تاجر قسیم آغا جاں بحق ہوا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔
تاجر برادری نے کسٹم اہلکاروں پر الزام عائد کیا کہ کسٹم اہلکاروں نے بھتہ نہ ملنے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تاجر محمد قسیم آغا جاں بحق ہوا جب کہ ورثاء نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کسٹم اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب کسٹم حکام نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ زرغون روڈ پر ایدھی اور امداد چوک کے درمیان ایک ٹرک کو روکنے کی کوشش کی گئی تاہم ٹرک ڈرائیور نے ٹرک بھگا دیا اور پرائیویٹ گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے مبینہ طور پر کسٹم حکام پر فائرنگ شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیں:
کسٹم حکام نے کہا کہ پرائویٹ گاڑیوں میں سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے کسٹم حکام محفوظ رہے جب کہ امداد چوک پر کسٹم اہلکاروں نے گاڑی کو اپنی تحویل میں لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور اور عملہ موقع سے فرار ہوگئے، حکام نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کسٹم نے ایک ٹائر کو نشانہ بنایا جہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔