Aaj Logo

شائع 04 ستمبر 2023 11:51am

کلبھوشن جادھوسے ’ایک روپیہ‘ فیس لینے والے بھارت کے سب سے مہنگے وکیل کی شادی

پاکستان سے گرفتارجاسوس کلبھوشن جادھو کا کیس لڑنے کی ’ایک روپیہ‘ فیس لینے والے بھارت کے مہنگے ترین وکیل اور سابق سالیسٹرجنرل ہریش سالوے تیسری بار شادی کے بندھن میں بدھ گئے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شادی کی تقریب اتوار3 اگست کو لندن کے ایک چرچ میں ہوئی جس کے بعد مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا۔

میناکشی سالوے اور کیرولین بروسارڈ سالوے کے سابق شوہر سالوے نے اس بار ٹرینا کو اپنا ہمسفرمنتخب کیا ہے۔

شادی کی تقریب میں نیتا امبانی، للت مودی اور اجولا راؤت سمیت بھارت کی کئی بڑی شخصیات نے شرکت کی۔

سالوے اور ان کی سابق بیوی میناکشی نے شادی کے 38 سال بعد جون 2020 میں طلاق لے لی تھی۔ ان کی دو بیٹیاں ساکشی اور ثانیہ ہیں۔

سپریم کورٹ میں پریکٹس کرنے والے 68 سالہ وکیل کچھ ہائی پروفائل مقدمات کا حصہ رہے ہیں جن میں کلبھوشن جادھو بھی شامل ہیں جنہیں پاکستان کی فوجی عدالت نے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔

سالوے نے عالمی عدالت میں کلبھوشن جادھو کا دفاع کرنے کے لیے صرف ایک روپے وصول کیے تھے۔ اس کے علاوہ وہ اور کرشنا گوداوری بیسن گیس تنازع اور سلمان خان کے ہٹ اینڈ رن کیس جیسے دیگر اہم کیسز میں بھی ان کا نام نمایاں رہا۔

ہریش سالوے نے اس وقت شہرت حاصل کی جب انہوں نے ہندوستان کی سپریم کورٹ میں پہلے اینٹی ڈمپنگ کیس میں بحث کی۔

سالوے نے نومبر 1999 سے نومبر 2002 تک بھارت کے سالیسٹر جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور جنوری میں انہیں ویلز اور انگلینڈ کی عدالتوں کے لئے ملکہ کے وکیل کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

انہوں نے ناگپور یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور سالیسٹر جنرل آف انڈیا مقرر ہونے سے پہلے 1992 میں دہلی ہائی کورٹ میں سینئر وکیل مقرر ہوئے۔

وکیل کو بلیک سٹون چیمبرز میں بلایا گیا تھا اور 2013 میں انگلش بارمیں تعینات کیا گیا تھا۔

2015 میں ہریش سالوے نے سلمان خان کے 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس کو لیا تھا جس میں اداکار کو اس سے پہلے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

Read Comments