Aaj Logo

شائع 03 ستمبر 2023 04:01pm

امیر جماعت اسلامی کا گورنر ہاؤسز پر دھرنا دینے کا اعلان

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی 90 روپے فی یونٹ کرنا چاہتی ہے، غلط فیصلوں کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، جب کہ مافیا کو بے نقاب کرنے کے لیے وائٹ پیپر لانے کا فیصلہ کیا ہے، اور گورنر ہاؤسز پر دھرنا دینے جارہے ہیں۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ کامیاب ہڑتال پر تاجروں، ٹرانسپورٹرز، وکلا اور علما کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام کے تعاون سے ایک پرامن ہڑتا ہوئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گزشتہ روز حکومت کو پیغام دیا گیا کہ سابقہ حکومتوں کے معاہدوں کو تسلیم نہیں کرتے، جن لوگوں نے یہ معاہدے کیے انہوں نے غداری کی ہے، کرپٹ اشرافیہ نے 100 فیصد فائدہ اٹھایا اور عوام کا نقصان ہوا۔

سراج الحق نے کہا کہ غلط معاہدوں کی وجہ سے 24 کروڑ عوام عذاب میں مبتلا ہیں، ہم رائٹ ٹو انفارمیشن کے حق کے تحت تمام معاہدوں کی تفصیل لیں گے، اور سپریم کورٹ بھی جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سولر انرجی، پن بجلی اور ڈیمز کے خلاف سازش کی گئی، 5 دریاؤں کے ہوتے ہوئے ہم 56 روپے فی یونٹ بجلی خریدنے پر مجبور ہیں، اور حکومت بجلی 90 روپے فی یونٹ کرنا چاہتی ہے، بجلی کا بل اب آمدن سے بھی زیادہ ہے، اور وزیراعظم نے مہنگائی کو نان ایشو قرار دیا جو شرم کی بات ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یا تو لوگوں کے مسائل سے بے خبر ہے، یا وہ آئی ایم ایف کے مفادات کے نگراں بن گیے ہیں، ابھی انہیں 1 ماہ نہیں گزرا اور فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ کردیا، 1 کلو ایل پی جی کی قیمت میں 38 روپے اضافہ کیا، آپ ملک کو کس طرف لے جارہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں عوام چینی 200 روپے فی کلو خریدنے پر مجبور ہیں، پیٹرول تو باہر سے لیا گیا ہے لیکن گنا تو یہیں پیدا ہوتا ہے، ملک میں لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا، شوگر مافیا اور پیٹرول مافیا اپنی مرضی سے قیمتوں کا تعین کرتے ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ چوری آپ کرتے ہیں اور بجلی کا بل میں ادا کروں، آپ کے گھوڑے اور کتے ائیرکنڈیشنرز کےمزے کریں اور میرا غریب خود کشی پر مجبور ہو، یہ نظام اور یہ کمپنی نہیں چلے گی، حکومت کےغلط فیصلوں کے خلاف آج سے احتجاج جاری ہے، اور مافیا کو بے نقاب کرنے کے لیے جماعت اسلامی نے وائٹ پیپر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی ہم گورنر ہاؤسز پر دھرنے دینے جا رہے ہیں، اندھی گونگی اور بہری حکومت نے اپنے فیصلوں پر نظرثانی نہ کی، ہم تاجروں سے مشاورت کر کے لائحہ عمل طے کریں گے، نگراں حکومت کا ایک ہی احسان ہوگا، جلد الیکشن کرا کے منتخب نمائندوں کے ہاتھ میں اقتدار دے دیں۔

Read Comments