Aaj Logo

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2023 01:18am

میران شاہ اور وادی تیراہ میں میجر سمیت 3 فوجی شہید، ایک دہشت گرد مارا گیا

شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں میجر سمیت پاک فوج کے دو اہلکار شہید ہوگئے جب کہ وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار منتظر شاہ نے جام شہادت نوش کیا۔

سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں عوام اور فورسز پر حملوں میں ملوث ایک دہشت گرد مارا گیا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میرانشاہ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرآپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ میجر عامر فرنٹ سے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت کررہے تھے اور انہوں نے دہشت گردوں کی پارٹی کو روکا تو سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں میجر عامرعزیز اور سپاہی محمد عارف شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 29 سال کے میجر عامر عزیز سرگودھا کے رہائشی تھے جبکہ شہید ہونے والے27 سال کے سپاہی محمد عارف کا تعلق ساہیوال سے تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد عوام اور فورسز پرحملوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے حوالدار منتظرشاہ نے جام شہادت نوش کی۔ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئےسرچ آپریشن جاری ہے۔

بنوں میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملہ

گزشتہ روز 31 اگست 2023 کو بھی ایک موٹرسائیکل پر سوار خودکش بمبار نے بنوں ضلع کے جنرل علاقے جانی خیل میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ کیا تھا، جس میں نائب صوبیدار صنوبر علی سمیت 9 جوانوں نے شہادت قبول کی، اور 5 فوجی زخمی ہوئے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔

سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر نے بنوں خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے جوانوں کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

Read Comments