اداکارہ نادیہ جمیل نے بھی متنازعہ کہانی کی وجہ سے سرخیوں میں رہنے والے ڈرامہ سیریل ’حادثہ‘ پر سوالات اٹھا دیئے ۔
نادیہ جمیل نے ایکس پر ڈرامے کے ایک ڈئیلاگ کو شیئر کرتے ہوئے طویل پیغام لکھا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’ عزت لٹ جانا’ جیسے الفاظ کے استعمال پر پابندی لگنی چاہیئے ۔
معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے ڈرامہ تخلیق کرنے والوں سے مایوسی کا اظہار کیا انہوں نے فنکاروں کی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے موضوعات کو احتیاط اور صداقت کے ساتھ ہینڈل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کہانی کی تصویر کشی تمام متاثرین کی ذہنی صحت پر براہ راست حملہ ہے۔
انہوں نے ذاتی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ریپ کا شکار ہونے والوں پر جو شرم کی داستان ڈالی جاتی ہے وہ خوفناک ہے یہ ایک بوجھ ہے جسے وہ اپنی زندگی میں اٹھاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عزت ہماری ہمیشہ سے محفوظ ہی تھی ، عزت ان کی لٹی جنہوں نے ریپ کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ میں حدیقہ کیانی کی انسان دوستی اور شخصیت کے لیے گہرا احترام رکھتی ہوں، وہ ایک مضبوط عورت ہے تاہم بعض اوقات ہم سے غلطیاں ہو جاتی ہیں اور میرا ماننا ہے کہ ان سطروں کا بولنا ایک تکلیف دہ غلطی ہے۔
دوسری جانب ڈرامے کے مصنف، پروڈیوسرز اور اداکاروں سمیت بنانے والے اس حقیقت سے انکار کر رہے ہیں کہ انہوں نے 2020 میں پاکستان میں پیش آنے والے حقیقی زندگی کے واقعے کی تصویر کشی کی ہے۔
اداکارہ حدیقہ نے ایکس پراپنی پوسٹ میں لکھا کہ جب انہیں اس ڈرامے کیلئے تسکین کا کردار ادا کرنے کی پیشکش ہوئی تو ان کا پہلا سوال ہی یہی تھا کہ یہ کہانی موٹر وے ریپ کیس یا کسی اور حقیقی واقعے پرتو مبنی نہیں۔ انہوں نے یہ واضح کیا تھا کہ اگرایسا ہے تو وہ ایسے کیس پراجیکٹ کا حصہ نہیں بنیں گی۔
حدیقہ کیانی نے بتایاکہ ٹیم نے انہیں کہا کہ ایسا نہیں ہے، پھر کافی بات چیت اور اسکرپٹ پڑھنے کے بعد مجھے سمجھ میں آئی کہ ’حادثہ‘ کی کہانی کا 2020 کے موٹروے ریپ کیس سے تعلق نہیں نہ ہی یہ اس پر مبنی ہے۔