اسرائیل کے جنوبی حصے میں واقع ایک قصبے سے گزرنے والے شخص نے ایسا منظر دیکھا کہ اس سے رہا نہ گیا، اس نے فوری طور پر اپنا کیمرا نکالا اور اس انوکھے منظر کو عکس بند کرنے میں کامیاب ہوگیا۔
اوڈڈ شکلر نامی اسرائیلی ریمن ڈیزرٹ ٹورازم جیپ ٹور کمپنی کا مالک ہے جو اتوار کو سیاحوں کے ایک گروپ کو ماؤنٹ گاونیم کی سیر کیلئے لے جارہا تھا۔
اوڈڈ شکلر اپنی جیپ میں سفر کر رہا تھا کہ اچانک اسے اپنے برابر میں جیپ کے ساتھ ساتھ کچھ اڑتا ہوا محسوس ہوا، اس نے سر گھما کر دیکھا تو پایا کہ ایک بھِڑ (تتیا) سگریٹ کو بٹ پکڑے اس کے ساتھ ساتھ اڑ رہی ہے۔
شکلر نے بتایا کہ ’ہم ایک گروپ کے ساتھ پہاڑ کی چوٹی پر تھے، اور اچانک ہم نے سگریٹ کے فلٹر کے ساتھ بھڑ کو دیکھا، میں نے فوراً اپنا فون نکالا اور تصویر کھینچ لی۔‘
شکلر کے مطابق، انہوں نے اس خوبصورت لمحے کو قید کرنے کے لیے جس فون کا استعمال کیا وہ اتنا فینسی بھی نہیں تھا۔ ’یہ صرف ایک سادہ گلیکسی فون ہے‘۔
شکلر نے اس تصویر کو اپنے فیس بک پیج پر اور پھر آرتھروپوڈس، کیڑے مکوڑوں، رینگنے والے جانوروں اور امفبیئنز کی تصاویر کے لیے بنائے گئے ایک فیس بک گروپ پر اپ لوڈ کیا، جہاں اسے 1,600 سے زیادہ لائکس ملے اور اسے درجنوں بار شیئر کیا گیا۔
مزید پڑھیں: جانوروں کی طرح انسانوں کی دُم کیوں نہیں ہوتی؟
شکلر نے کہا کہ تصویر نے انٹرنیٹ پر ہنگامہ مچا دیا تھا اس لیے میں نے اسے لوگوں کو دکھانے کے لیے فیس بک پر شیئر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کچھ دن پہلے، میں نے ایک چیونٹی کو سگریٹ کا بٹ اپنے بل میں لے جاتے ہوئے ہوئے دیکھا تھا، اس لیے یہ واضح نہیں کہ بھڑ نے ایسا کیوں کیا، شاید بو یا مواد میں کوئی ایسی چیز ہے جس کی وجہ سے کیڑے اسے جمع کرتے ہیں۔‘