Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 اگست 2023 10:32am

’عمران خان مفت نہیں اپنے پیسوں کا کھاتے ہیں‘

توشہ خانہ فوجداری کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیر 28 اگست کو سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائی جانے والی رپورٹ کا بھی تذکرہ رہا۔

یہ رپورٹ عمران خان کو جیل میں دی جانے والی سہولتوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر وہاں جمع کرائی جانے والی اس رپورٹ میں جو باتیں سامنے آئیں، ابتداء میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انکار کیا تاہم بعد ازاں خود عمران خان کے وکیل کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ جیل میں عمران خان کو کھانے پینے کی فراہمی سے متعلق باتیں درست ہیں۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکلا تبصرہ کرتے سُنائی دیے کہ پی ٹی آئی چیئرمین جیل میں ہونے کے باوجود بھی دیسی گھی میں پکایا گیا دیسی مُرغ اور بکرے کھاتے ہیں اور منرل واٹر پیتے ہیں۔

اس حوالے سے استفسارپر عمران خان کی وکلاء ٹیم میں شامل بیرسٹر گوہر خان نے اٹارنی جنرل آفس رپورٹ میں شامل باتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ، ’عمران خاں مفت نہیں بلکہ اپنے پیسوں کاکھانا کھاتے ہیں‘۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق گذشتہ ہفتے جب وہ عمران خان سے ملاقات کیلئے ڈسٹرکٹ جیل اٹک گئے تھے تو جیل انتظامیہ کو 35 ہزارروپےدیے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ رقم عمران خان کی طرف سے گذشتہ ہفتے کے کھانے کی مد میں ادا کی گئی۔

Read Comments