خیبر کے علاقے علی مسجد خودکش دھماکے کا گرفتار سہولت کار ابوذر مبینہ مقابلے کے دوران مارا گیا، سہولت کار کو خودکش جیکٹس کی نشاندہی کیلئے جمرود لے جایا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی نے دہشت گرد عبداللہ شلمانی اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق سہولت کار ابوذر کو خودکش جیکٹس کی نشاندہی کیلئے لے جایا گیا تھا۔
مقدمے میں کہا گیا کہ جمرود میں دہشت گردوں نے اہلکاروں پر حملہ کردیا، دہشت گردوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
متن کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ملزم ابوذر مارا گیا، فائرنگ سے پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ 25 جولائی کو جمرود غار اوبہ پل کے علاقے علی مسجد میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی شہید ہوگئے تھے۔
دھماکے سے مسجد کی عمارت منہدم ہوئی تھی، جب کہ دہشت گرد کا سہولت کار گرفتار کرلیا گیا تھا۔
علی مسجد جمرود شہر سے 15 کلومیٹر اور پشاور سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک چھوٹا سا قصبہ ہے، جو پاکستان اور افغانستان کے درمیان بین الاقوامی تجارتی راستے پر واقع ہے، جو پشاور کو سرحدی قصبے لنڈی کوتل اور پھر طور خم بارڈر کراسنگ سے جوڑتا ہے۔