Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اگست 2023 11:29pm

عمران تاحیات بادشاہ بننا چاہتے تھے، مجھے صدر پاکستان بنانے کا وعدہ کیا، پرویز خٹک

سابق وزیر اعلیٰ اور چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انھیں صدر پاکستان بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جتنے راز ان کے پاس ہیں کسی کے پاس نہیں ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے کاغان میں جلسے کا انعقاد کیا، جس میں سابق صوبائی وزیر سید احمد حسین شاہ نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے قافلے میں شمولیت کا اعلان کیا۔

جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آئی ڈکٹیٹر ہیں ہم جمہوریت پسند انھیں پسند نہیں کرتے، عمران خان تاحیات بادشاہ بننا چاہتے تھے، انکے ذہن میں فرعونیت آگئی تھی۔

انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ پارٹی میں کوئی لیڈر ہو وہ اپنے آگے کسی کو لیڈر نہیں مانتے تھے، شاہ محمود اور اسد عمر کی حیثیت ٹکے کی نہیں تھی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جہاں پھنس گئے ہیں وہاں سے نکلنا آسان نہیں۔ جھوٹ بول بول کر انھوں نے نوجوانوں کو خراب کر دیا، ایک وقت آئے گا پورا صوبہ پی ٹی آئی کو چھوڑ دے گا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساڑھے تین سال چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ وقت ضائع کیا، تحریک انصاف نے اس ملک کے لئے کچھ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں :

ماحول سازگار نہیں، الیکشن نہ کرائے جائیں: حساس اداروں کی بریفنگ

عمران خان فوج کیخلاف انقلاب لانا چاہتے تھے، پرویز خٹک

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے کہ وہ خیبرپختونخوا میں اصلاحات لائے لیکن اگر ایسا تھا تو وہ پنجاب میں اصلاحات کیوں نہیں لائے۔

پرویز خٹک نے آئندہ دنوں میں مانسہرہ میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت آئی تو سب بچوں کے اسکول کی فیس اور راشن کارڈ جاری کریں گے۔

Read Comments