Aaj Logo

اپ ڈیٹ 28 اگست 2023 04:09pm

لاہور میں تھیٹروں کی بندش کیخلاف درخواست پر اعتراض برقرار

لاہور میں تھیٹروں کی بندش کے خلاف درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراض برقرار رکھتے ہوئے واپس کردی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے لاہور ڈویژن میں تھیٹروں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

پنجاب آرٹسٹ، پروڈیوسرز اینڈ تھیٹر ایسوسی ایشن کےوکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ کمشنر لاہور بغیر کسی قانونی جواز کے فحاشی کے نام پر تھیٹرز بند کرا رہے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تھیٹرز میں کسی قسم کی فحاشی نہیں ہو رہی، شہریوں کو صاف ستھری تفریح فراہم کی جا رہی ہے، آئین کے تحت قانونی کاروبار کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تھیٹرز کی بندش سے مالکان، فنکاروں اور عملے کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، تھیٹرز کے خلاف حکومتی کارروائی روکتے ہوئے انہیں فوری کھولنے کے احکامات صادر کیئے جائیں۔

عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے پٹیشن واپس کردی۔ واضح رہے کہ رجسٹرار آفس نے اتھارٹی لیٹر پٹیشن کے ہمراہ لف نہ کرنے کا اعتراض عائد کر رکھا ہے۔

دوسری جانب ایک بیان میں نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی تھیٹر فل ڈریس ریہرسل اور این او سی کے بغیر ڈرامہ نہیں دکھا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب آرٹس کونسل کی ٹیمیں ڈراموں کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہیں، جہاں بھی شکایت موصول ہوئی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔

Read Comments