Aaj Logo

شائع 28 اگست 2023 10:31am

پاکستان کیلئے بھارت کی پہلی خاتون ناظم الامور کون ہیں

اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں پاکستان کے لیے پہلی خاتون ناظم الامور گیتیکا شریواستو کو تعینات کیا گیا ہے۔

’ویمن ڈپلومیٹک کلب‘ میں تازہ اضافہ گیتیکا سریواستو کی تقرری برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں پہلی خاتون ہائی کمشنر کی تعیناتی کے فوری بعد ہوئی ہے۔

امکان ہے کہ سریواستو موجودہ سی ڈی اے ڈاکٹر سریش کمار کے عہدے کی مدت ختم ہونے کے فوری بعد ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔

2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات خراب ہونے کے بعد اسلام آباد یا نئی دہلی میں کوئی کل وقتی ہائی کمشنرتعینات نہیں بلکہ جونیئر سفارت کاروں کو چارج ڈی افیئرز کے طور پر تعینات کیا گیا۔

اسلام آباد میں خدمات سرانجام دینے والے آخری بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ تھے۔ انہیں 2019 میں اس وقت ملک بدرکیا گیا تھا جب پاکستان نے اُس وقت اگست میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام پر سفارتی تعلقات کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

گیتیکا سریواستو کا تعلق انڈین فارن سروس کے 2005 کے بیچ سے ہے، جہاں ان کی سابقہ ذمہ داریوں میں چین میں پوسٹنگ بھی شامل ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ وہ چینی زبان (مینڈارن) روانی سے بولتی ہیں۔

بنیادی طور پر اترپردیش سے تعلق رکھنے والی گیتیکا کولکتہ میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر اور وزارت خارجہ کے آئی او آر ڈویژن میں ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

فی الوقت انہیں دہلی کی وزارت خارجہ میں انڈوپیسیفک ڈویژن کی انچارج جوائنٹ سکریٹری ہیں۔

وزارت خارجہ کا انڈو پیسیفک ڈویژن آسیان، آئی او آر اے، ایف آئی پی آئی سی اور بحر ہند و بحرالکاہل خطے کے دیگر اداروں کے ساتھ بھارت کی کثیر الجہتی سفارتکاری کے امور دیکھتا ہے۔

سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ زارت خارجہ میں افغانستان، ترکی اور ایران کے ڈائریکٹر جنرل سعد وڑائچ، جنہیں بھارت میں پاکستان سی ڈی اے نامزد کیا گیا ہے، نے حال ہی میں بھارتی ویزے کے لیے درخواست دی ہے۔

سعد وڑائچ کی تعیناتی کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وہ مقررہ وقت پر یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔

Read Comments