نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پنجرہ پُل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد نے بھی ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پنجرہ پُل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، اس سلسلے میں ایک مثبت پیش رفت ہوئی ہے کہ کافی عرصے سے معطل بھاری ٹریفک کو گزارنے کے لیے کنکریٹ کا متبادل پل مکمل ہو گیا ہے اور ٹریفک گزرنا شروع ہو گئی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایات دی ہیں کہ پنجرہ کا اصل پل بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کوئٹہ اور جیکب آباد کے درمیان سفر کرنے والوں کو سہولت پہنچائی جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بلوچستان کے گلوکار کی فریاد سنتے ہوئے پنجرہ پُل کی تعمیر کے لیے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کیے تھے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا تھا کہ بہت جلد بلوچستان کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی اور انھیں صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وفد نے بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے کے ویژن پر وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو خرج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم نے کمپنیوں کو کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی دورانِ کان کنی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے، کان کنی میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظِ خاطر رکھے بغیر ان معدنیات سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جا سکتے۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزراء سرفراز احمد بگٹی، شاہد اشرف تارڑ، سمیع سعید، نگراں وزیرِ اعلی بلوچستان علی مردان ڈومکی، صوبائی وزراء بلوچستان اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔