لاہور: مسلم لیگ ن نے انتخابی حکمت عملی کے لیے لندن میٹنگ میں اہم فیصلے کرلیئے ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کا جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے، انتخابی مہم میں چند اہم شخصیات کو ہدف بنایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز الیکشن سے قبل اہم شخصیات کو ہدف بناتے ہوئے ان کی خفیہ آڈیوز عوام کے سامنے لائیں گی، مہم نواز کی وطن واپسی سے قبل سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ لندن میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز عوامی اجتماعات میں مصالحانہ رویہ اپنائیں گے جب کہ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی سینیئر لیڈرشپ سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ نواز شریف اکتوبر میں پاکستان واپس جائیں گے اور پارٹی کی الیکشن مہم کی سربراہی کریں گے۔
ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا کہ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف انتخابات کے وقت وزارت عظمیٰ کے لیے ’نیلی آنکھوں‘ کے امیدوار ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اگلی مخلوط حکومت کی ڈرائیونگ سیٹ پر نہیں ہو گی۔