سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی) کو گراں گزری جس کے بعد اسٹار بیٹسمین کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق کرکٹ گورننگ باڈی اس پوسٹ سے خوش نہیں تھی۔ اس لیے کرکٹر کو زبانی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
بور ٓڈحکام نے یاد دہانی کروائی ہے کہ وہ اس طرح کی خفیہ معلومات کو عوامی پلیٹ فارم پر ظاہرنہیں کرسکتے ہیں اور مستقبل میں اس طرح کے اقدامات ’معاہدے کی خلاف ورزی‘ کا باعث بن سکتے ہیں۔
انڈین ایکسپریس نے بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا، ’کھلاڑیوں کو زبانی طور پر مطلع کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کوئی خفیہ معاملہ پوسٹ کرنے سے گریز کریں۔ وہ ٹریننگ کے دوران تصاویر پوسٹ کرسکتے ہیں لیکن اسکور پوسٹ کرنے سے معاہدے کی شق کی خلاف ورزی ہوتی ہے‘۔
اسابق بھارتی کپتان نے اپنے انسٹاگرام پر اپنے یو یو ٹیسٹ کی اپ ڈیٹ شیئر کی تھی۔ صرف یہی نہیں بلکہ کرکٹر نے اپنا اسکور پبلک پلیٹ فارم پر بھی ظاہر کیا جو کرکٹ گورننگ باڈی کے مطابق خفیہ معلومات ہیں اس لیے اسے پبلک نہیں کیا جانا چاہیے۔
کوہلی نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’خطرناک کونز کے درمیان یو یو ٹیسٹ مکمل کرنے کی خوشی ہے۔ 17.2 مکمل ہو گیا. “
روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم ایشیا کپ 2023 سے قبل بنگلورو میں تربیتی کیمپ سے گزرے گی۔
کوہلی کے علاوہ کپتان روہت شرما اور ہاردک پانڈیا نے بھی کیمپ کے پہلے دن یو یو ٹیسٹ کو کامیابی سے پاس کیا۔