Aaj Logo

اپ ڈیٹ 26 اگست 2023 12:10am

کراچی: لسبیلہ چوک پر نالے میں دھماکے سے 9 افراد زخمی، 20 دکانوں کو نقصان

کراچی میں لسبیلہ چوک کے قریب نالے میں گیس بھر جانے سے دھماکا ہوا، واقعہ میں 9 افراد زخمی ہوگئے اور 20 دکانوں کو نقصان پہنچا، دھماکے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ مرتب کرلی۔

مزید پڑھیں: کراچی: شیرشاہ پراچہ چوک کےقریب دھماکا

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ دھماکے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔

دھماکےسے نالے پرقائم متعدد 2 دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، اس دوران 9 افراد زخمی ہوئے تاہم دو افراد لاپتہ ہوئے جن کی تلاش فوری شروع کی گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں دکانوں میں موجود سامان نالے میں جا گرا۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی ہونے والوں کی شناخت نصیر الدین ولد محمد اکبر عمر23سال، عثمان ولد محمد یونس عمر20سال، خرم ولد غلام سرور عمر22سال، لال محمد ولد محمد مسکین عمر35سال، محمد اعجاز ولد فرمان عمر24سال، حفیظ ولد علی رحمان عمر23سال، منصور علی ولد محمد خان عمر40سال اور عارف ولد ریاست عمر38سال کے نام سے ہوئی ہے۔

اریب لاپتہ

لسبیلہ چوک پر ہونے والے دھماکے کے بعد نجی کمپنی کا ملازم دوپہر سے لاپتہ ہے۔

22 سالہ اریب گیس پریشر دھماکے سے چند سیکنڈ قبل ہی دفتر سے باہر نکلا تھا۔

اریب کے نکلتے ہی زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد سے اس کا کچھ پتہ نہیں ہے۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ کئی اسپتالوں میں زخمیوں میں بھی اریب کو تلاش کیا گیا لیکن اس کا کچھ معلوم نہ ہو سکا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ

دھماکے کے حوالے سے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے رپورٹ مرتب کرلی، جبکہ علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔

بی ڈی ایس حکام کے مطابق دھماکے میں تخریب کاری یا بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے۔

حکام کے مطابق دھماکا سیوریج لائن میں گیس بھرنے کے باعث ہوا، جس سے 9 افراد زخمی ہوئے اور 20 دکانوں کو نقصان پہنچا۔

Read Comments