برطانیہ کے ایک چھوٹے سے قصبے میں واقع چیریٹی شاپ میں ایک ایسی پینٹنگ موجود ہے جسے دکان کے مالک نے ”آسیب زدہ“ قرار دیا ہے۔
اس پینٹنگ کو آسیب زدہ قرار دینے کی وجہ انتہائی دلچسپ ہے، یہ پینٹنگ دو بار فروخت کی جاچکی ہے لیکن پراسرار طور پر یہ دونوں بار واپس دکان میں پہنچ گئی۔
یہ پینٹنگ سرخ لباس پہنی ایک نوجوان لڑکی کی کی ہے، جو دکھنے میں مغرور نظر آتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پینٹنگ ایک درمیانی عمر کے آدمی نے کچھ دیگر تصاویر کے ساتھ دکان کو عطیہ کی تھی۔
اسٹور کے مینیجر اسٹیو بتاتے ہیں کہ اس چھوٹی لڑکی کی آنکھیں کافی ڈراؤنی ہیں جو کمرے میں آپ کا پیچھا کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پینٹنگ کی قیمت پہلے 25 پاؤنڈ تھی، اسے اس کے پہلے مالک کو فروخت کر دیا گیا، تاہم یہ پینٹنگ دو دن سے بھی کم عرصے میں واپس آگئی۔
مزید پڑھیں
’میں نے اس گڑیا کو 2 مرتبہ کچرے میں پھینکا لیکن یہ واپسآگئی‘
پرانی اور بند جگہوں پر بھوت کیوں نظر آتے ہیں؟ سائنس نے وجہ بتادی
اسٹیو کہتے ہیں کہ ’مجھے اس تصویر سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس تصویر میں عجیب سی کشش ہے، لہٰذا ہم نے اسے کھڑکی میں ”ممکنہ طور پر آسیب زدہ“ بتاتے ہوئے رکھ دیا‘۔
اسٹیو کی اس حکمت عملی نے کام کیا اور جلد ہی یہ تصویر دوبارہ ایک نئی خاتون کو فروخت کر دی گئی، لیکن انہوں نے بھی فوری طور پر یہ کہہ کر تصویر واپس کردی کہ تصویر ’ہلنے اور پریشان کرنے والی‘ ہے اور ’وہ اس آسیب زدہ چیز کو دوبارہ کبھی نہیں دیکھنا چاہتیں‘۔
اب دوبارہ بیچنے کیلئے پیش کی گئی اس تصویر کے ساتھ لیبل لگایا گیا ہے، جس پر لکھا ہے کہ ’یہ واپس آگئی ہے!!! دو بار فروخت ہوئی اور دو بار واپس آئی! کیا آپ کافی بہادر ہیں؟‘
سوشل میڈیا پر خبر وائرل ہوئی تو لوگوں نے اسے ”اینابیل“ اور دیگر آسیب زدہ گڑیاؤں سے تشبیہہ دی۔