بھارتی ریاست ہریانہ میں رولس رائس کار سے تصاد میں آئل ٹینکر تباہ ہوگیا اور اس میں سوار ڈرائیور اور اس کا ساتھی ہلاک ہوگئے، جب کہ لگژری کار میں سوار تین افراد معجزانہ طور پر صرف زخمی ہوئے۔
بھارتی ریاست ہریانہ میں ممبئی بڑودہ ایکسپریس وے پر ایک آئل ٹینکر رولس رائس کار سے ٹکرا گیا، حادثے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور اس کا ہیلپر موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جب کہ رولس رائس گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ منگل کی دوپہر پیش آیا، جب نگینہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں امری گاؤں کے قریب غلط سمت سے آنے والا ٹینکر کار سے ٹکرا گیا، ٹینکر سے ٹکرانے کے فوری بعد لیموزین کار میں آگ لگ گئی، تاہم اس میں سوار تمام پانچ افراد کو ان کے رشتہ داروں نے بچا لیا جو ایک اور کار میں قریب سے پیچھے تھے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ٹینکر ڈرائیور رام پریت اور اس کے معاون کلدیپ کے نام سے ہوئی ہے۔ جب کہ کار میں سوار تین زخمیوں کی شناخت چندی گڑھ کے رہائشی دیویا اور تسبیر اور دہلی کے رہنے والے وکاس کے طور پر کی گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، تفتیشی افسر اے ایس آئی اشوک کمار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کو حادثے کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔