بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں بزرگ شہری شہید اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں جبکہ پاکستان کا بھرپور جواب دینے کا اعلان کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔
ایل او سی پر فائرنگ سے شہریوں کی شہادت، بھارتی ناظم الامور کیدفترخارجہ طلبی
او آئی سی وفد کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، بھارتی مظالم پربریفنگ
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے نتیجے میں گاؤں اولی اور ضلع کوٹلی کے رہائشی 60 سالہ غیاث نامی بزرگ شہری شہید ہوگیا جبکہ کھیتوں میں گھاس کاٹنے والی 3 خواتین بھی زخمی ہوئیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت موجودہ سیز فائر مفاہمت کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، پاکستان اپنی سرحدوں پر امن و سکون کا خواہاں ہے تاہم اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، مس ایڈونچر کا جواب اپنی مرضی اور وقت پر دیں گے۔