پنجاب میں محکمہ صحت، پولیس، تعلیم اور واپڈا سمیت دیگر اداروں کے ملازمین دہشت گرد تنظیموں کے کارندے نکلے، جب کہ متعدد ملازمین سزا یافتہ ہونے کے باوجود بھی سرکاری نوکری کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد، کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے فورتھ شیڈولر پنجاب کے سرکاری ملازم نکلے، اور ریکارڈ کے مطابق 26 سرکاری ملازمین کے مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلقات تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فورتھ شیڈولرمیں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل سمیت محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، اساتذہ اور واپڈا کے ملازمین بھی شامل ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق متعدد سرکاری ملازمین کے کیسز تاحال انڈر ٹرائل ہیں، اور فورتھ شیڈولر کی فہرست میں شامل 8 سرکاری ملازمین نوکری سے ریٹائر ہو چکے ہیں، 2 سرکاری ملازمین کو نوکری سے برخاست کیا جا چکا ہے۔
فورتھ شیڈولر کیلئے لازم ہے کہ وہ ماہانہ تھانے میں حاضری لگوائے، لیکن رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب بھر کے 1400سے زائد فورتھ شیڈولر میں سے 100 سے زائد لاپتہ ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فورتھ شیڈولر میں شامل سرکاری ملازمین دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے میں رہے، اور متعدد ملازمین سزا یافتہ ہونے کے باوجود بھی سرکاری نوکری کر رہے ہیں۔