بھارت میں ریاست اتر پردیش کے سیتا پور ضلع میں پسند کی شادی کرنے والے مسلمان لڑکے کے ماں باپ کو ہجوم نے قتل کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جمعہ کی شام سیتا پورضلع میں ایک شخص اور اس کی اہلیہ کو ان کے پڑوسیوں نے لوہے کی سلاخوں اور لاٹھیوں سے مبینہ طور پر حملہ موت کے گھاٹ اتار دیا۔
سیتا پور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چکریش مشرا کا کہنا ہے کہ عباس اور اس کی اہلیہ کمرال نیشا کو مبینہ طور پران کے پڑوسیوں نے قتل کیا ہے۔
چکریش مشرا نے کہا کہ یہ حملہ پڑوسی گھر کے کچھ افراد نے کیا تھا۔ حملے میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی، واقعے کے بعد تمام ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی چکریش مشرا موقع پر پہنچ گئے اورگاؤں میں پولیس کو تعینات کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ چند سال پہلے عباس کا بیٹا پڑوسی گھر کی ایک لڑکی کے ساتھ بھاگ گیا تھا، جس کا مقدمہ درج کرکے بیٹے کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
چکریش مشرا نے کہا کہ جب عباس کا بیٹا کچھ دن پہلے جیل سے رہا ہوا، تو خاندان کے کچھ افراد نے لڑکے کے والدین پر حملے کی منصوبہ بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔