تحریک انصاف کی لیگل ٹیم کے رکن شیرافضل مروت کی جانب سے عائد اس سنگین الزام کے بعد کہ پارٹی کی کورکمیٹی اور لیگل ٹیم میں غدار موجود ہیں، جو میٹنگز کی ریکارڈنگز باہر کے لوگوں کو دیتے ہیں پی ٹی آئی نے معاملے کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیاہے، کہا ہے کہ داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔
گزشتہ روز تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے رکن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی تویٹ میں انکشاف کیا تھا کہ لیگل ٹیم اور پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں کچھ غدار شامل ہیں، جنہوں نے میری زندگی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اس میں کسی شک کی گنجائش نہیں کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں غدار موجود ہیں، اور ان غداروں نے کور کمیٹی کے اجلاس کی ریکارڈنگ پارٹی مخالفین اور یہاں تک کہ میڈیا کے افراد تک پہنچائی ہیں۔
وکیل نے مزید کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ لیگل ٹیم کی زوم میٹنگز کی تفصیلات اور ریکارڈنگ تک دوسرے لوگوں کو شیئر کی گئی ہیں، جس نے میری زندگی اور آزادی کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے، جس کے باعث میں پہلی بار روپوش ہورہا ہوں، اور کسی بھی وقت نامزد ٹیم کے ہاتھوں پکڑا جا سکتا ہوں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں کل سے چھپ گیا ہوں اور محفوظ ہوں اور میں نے پارٹی میں موجود لوگوں کو اپنا پیچھا کرنے والوں کے حوالے سے بتایا ہے اور پیغامات ریکارڈ کرادیے ہیں، میں نے اپنے پیچھا کرنے والوں کی شناخت کر لی ہے اور ان کے نام وکیلوں کے ایک گروپ کو بھیج دیے ہیں تاکہ میری گمشدگی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکے۔
لیگل ٹیم کے رکن نے کہا کہ اب پارٹی کے انتہائی قریبی حلقوں میں لوگوں پر بھروسہ کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے، اگر مجھے پارٹی کے متعلقہ افراد کی طرف سے اجازت دی گئی اور اگر میں ان کے شکار سے بچ گیا تو بہت جلد غداروں کے نام بتاؤں گا۔
بعد انہوں نے یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے شیرافضل مروت کی ٹویٹ کا نوٹس لے لیا ہے، اور وکیل کے تاثرات کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پارٹی اپنی سیاسی جدوجہد کے نازک ترین دور سے گزر رہی ہے، چیئرمین عمران خان کی منظوری سے تحریک انصاف کی کورکمیٹی نہایت پیچیدہ صورتحال میں فیصلہ سازی کا حسّاس فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کو اپنے تاثرات کا اظہار ٹویٹر کے بجائے پارٹی پلیٹ فارمز پر کرنا چاہئے تھا، فی الوقت ان کے خیالات کو ان کے نجی تاثرات ہی کے زمرے میں رکھ کر ان کا جائزہ لیا جائے گا، تاہم پی ٹی آئی کو کچلنے کے عزائم کے پیشِ نظر داخلی منافرت و تقسیم کی سازش کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ اپنے خیالات و تاثرات کی پڑتال کیلئے تحریکی نظم سے معاونت کریں۔ اور قانونی ٹیم اسی محنت، لگن، جذبے اور ہمت سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھے، نہایت قابل اور محنتی قانونی ماہرین پر مشتمل قانونی ٹیم کی کوششوں کو پارٹی کے تمام کارکنان اور قائدین خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔