پولیس نے سینئر صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتارملزمان کی تعداد 3 ہوگئی، تینوں 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیئے گئے۔
14 اگست کے روز سکھر میں سینئر صحافی جان محمد مہر کو قتل کردیا گیا تھا، جن کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اور پولیس نے قتل میں ملوث ایک اورملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزم کا نام منور مہر ہے، جس کے بعد جان محمد کے قتل میں ملوث گرفتارملزمان کی تعداد 3 ہوگئی، تینوں ملزمان کو آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اے ٹی سی کورٹ ون کے جج عبدالرحمن قاضی نے ریمانڈ کیس کی سماعت کی، اور عدالت نے تینوں ملزمان کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزمان میں بخشل عرف بخشو، بابر مہر اور منور مہر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 14 اگست کے دن جان محمد مہر آفس سے گھر جارہے تھے کہ سکھر میں واقع قاسم پارک کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں زخمی کردیا۔
جان محمد کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔