پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری انتخابات کے شیڈول کو مسترد کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے فیصلوں کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول بدنیتی پر مبنی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول آئین سے کھلا انحراف ہے، الیکشن کمیشن 90 روز کے اندر انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
واضح رہے کہ آج نئی حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہوا تھا جس میں ممبران و سیکریٹری کمیشن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا، ساتھ ہی صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے بھی معاونت طلب کی گئی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 90 دن میں نہیں ہوسکتے۔ الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو بھی احکامات جاری کردیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ بندیاں 14 دسمبر کو مکمل ہوں گی اور 14 دسمبر کو ہی حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کی جائےگی۔ الیکشن کمیشن نے پرانی حلقہ بندیوں کو منجمد کردیا ہے۔
21 اگست کوچاروں صوبوں اور اسلام آباد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ یکم سے 4 ستمبر تک حلقہ بندی کمیٹیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔
حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9 اکتوبر کو ہوگی اور ان حلقہ بندیوں کے خلاف اپیلیں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔ الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک شکایات پر سماعت کرے گا۔