لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس میں حماد اظہر، زبیر خان نیازی، اور خالد گجر کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے، جب کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی روک دی گئی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے زمان پارک کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے کیس کی سماعت کی۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان حماد اظہر، زبیر خان نیازی اور خالد گجر گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہیں، پولیس تحقیقات میں بھی پیش نہیں ہوئے، ملزمان پر زمان پارک کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام ہے، عدالت ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کے لیے ملزمان کے خلاف اشتہار دینے کا حکم جاری کرے، ملزمان کے خلاف تھانہ ریس کورس میں مقدمہ نمبر 852/23 درج ہے۔
عدالت نے 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی اجازت دیتے ہوئے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
پولیس نے حسان نیازی کو بھی اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی تھی مگر حسان نیازی کے دوسرے مقدمہ میں گرفتار ہونے کی وجہ سے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روک دی گئی۔