Aaj Logo

شائع 16 اگست 2023 11:11am

خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کیلئے سابق وزراء سمیت 10 نام فائنل

پشاور: خیبر پختونخوا کی نئی نگران کابینہ کے لئے 10 نام فائنل کرلیے گئے ہیں۔

نئی نگران کابینہ کی تشکیل کے معاملات حتمی مراحل میں داخل ہو گئے۔ کابینہ کی تشکیل سے متعلق نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی پشاور اور اسلام آباد میں اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوئی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان 10 ناموں میں چار وزراء بشمول ارشاد قیصر، سابق آئی جی مسعود شاہ، حمایت اللہ اور فیروز جمال باچا بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزرائے اعلیٰ پرویز خٹک کے چار اور محمود خان کے دو تائید کنندہ بھی نگران کابینہ میں شامل ہوں گے۔

قبل ازیں ذرائع کا بتانا تھا کہ اس بار مکمل غیر سیاسی چہروں کو کابینہ کا حصہ بنایا جائے گا تاہم سابقہ کابینہ سے کچھ نیوٹرل افراد کی بھی نگران کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 25 رکنی نگران کابینہ کے تمام استعفے وزیراعلیٰ اعظم خان کو موصول ہوئے تھے جس کے بعد وزیراعلیٰ نے سمری گورنر کو بھیجی اور گورنرغلام علی نے نگران کابینہ کے استعفے منظور کرلیے تھے۔

دوسری جانب ذرائع کی جانب سے پوری صوبائی کابینہ کے مستعفی ہونے کے بعد نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

Read Comments