Aaj Logo

شائع 15 اگست 2023 04:47pm

صدر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل پر حمایت کی یقین دہانی کرادی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا (ترمیمی) بل پر حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

صدر مملکت عارف علوی سے پی ایف یو جے، اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای اور ایمنڈ کے نمائندوں نے ملاقات کی۔

صدر نے ملاقات میں میڈیا ورکرز اور صحافی برادری کو پیمرا ترمیمی بل پر اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

مزید پڑھیں

قومی اسمبلی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کثرات رائے سے منظورکرلیا

صحافیوں کے احتجاج پر حکومت نے پیمرا ترمیمی بل واپس لےلیا

پی ٹی آئی نے پیمرا ترمیمی بل 2023 مستردکردیا

انہوں نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ، پیمرا قانون میں ترامیم متعارف کرانے پر میڈیا برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے وفد کے ساتھ قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو الیکٹرانک میڈیا ملازمین کے واجبات کی ادائیگی سے جوڑنے سے ان کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل موجودہ میڈیا قانون میں بہتری لایا ہے، میڈیا رضاکارانہ طور پر نوجوانوں کو فیک نیوز، ڈس انفارمیشن کے بارے میں آگاہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان فیک نیوز سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، بچوں کو خاص طور پر فیک نیوز کے مضمرات سے متعلق تعلیم دینے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ میڈیا بالخصوص سینئر صحافی تعلیمی اداروں اور جامعات کے ساتھ روابط بڑھائیں، سینئر صحافی صحافت کے میدان میں ہونے والی نئی پیشرفت کے بارے میں طلباء کو آگاہ کریں۔

صدر مملکت نے معاشرے میں مکالمے اور خیالات کے آزادانہ تبادلے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ میڈیا کی نئی شکلوں بالخصوص سوشل میڈیا کی حرکیات کو سمجھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو اخلاقیات، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کے بارے میں بتائے۔

وفد نے صدر مملکت کو نئے بل کی مختلف شقوں کے بارے میں بتایا، وفد اراکین نے کہا کہ ترمیمی بل سے صحافی برادری کے ساتھ ساتھ میڈیا ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

Read Comments