Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 اگست 2023 06:47am

جیل کے سیل میں عمران خان کے خراب حالات فرخ حبیب نے بیان کر دیئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اٹک جیل میں ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان جیل میں ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔

بشریٰ بی بی کی عمران خان سے ملاقات کے بعد کا احوال بیان کرتے پوئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے بتایا کہ ’عمران خان صاحب کو ایک چھوٹے سیل میں قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، سیل میں جگہ اتنی تنگ ہے کہ سامان کا بیگ بھی وہاں نہیں رکھا جاسکتا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس سیل میں کھلا واش روم ہے، جس میں ایک پانی کی بالٹی ہے، وہی (بالٹی) نہانے اور وہی بالٹی ٹوائلٹ فلش کرنے کے لئے ہے۔ ان کے سیل کے قریب کوئی عملہ تک نہیں کہ وہ کسی سے بات بھی نہ کرسکیں‘۔

فرخ حبیب نے لکھا، ’ان کو کسی قسم کی کوئی بیٹر کلاس سہولت فراہم نہیں کی گئی، ان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کے باوجود انگریزی ترجمہ کا قرآن پاک بھی ابھی تک فراہم نہیں کیا گیا ہے‘۔

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں پیشی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے اٹک جیل روانہ ہوئی تھیں۔

بشریٰ بی بی کے ہمراہ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم بھی تھی تاہم پولیس نے بشریٰ بی بی اور وکلا ٹیم کو جیل روڈ پر روک لیا۔

مزید پڑھیں: نو مئی واقعات: بشری بی بی کو شامل تفتیش کرنے کا حکم

پولیس کی بھاری نفری نے ناکہ لگا کر راستہ بند کردیا اور وکلاء کی ٹیم کو پولیس نے واپس بھیج دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لئے جیل کے اندر پہنچ گئی، انہیں پولیس کی جانب سے 2 بجے کا وقت دیا گیا تھا۔

دوسری جانب چیرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے رکن گوہر خان کا کہنا تھا کہ جیل کے باہر 12 بجے سے ہمیں کھڑا کیا ہوا ہے، بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک ملازمہ کو اندر جانے کی اجازت ملی۔

Read Comments