وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈررعنا انصار کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے نام پراتفاق کے بعد گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے مقبول باقر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی سمری پر دستخط کردیے۔
سندھ کے نگراں وزیراعلیٰ کے نام کیلئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان ملاقات میں گزشتہ روز 14 اگست کو صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔
مراد علی شاہ اور رعنا انصار کی ملاقات کے دوران ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں موجود تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ کے نام پراتفاق کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سندھ حکومت کے قانونی مشیر اورمیئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر سے مختلف ناموں پر مشاورت ہوئی، جسٹس (ریٹائرڈ) مقبول باقر کے نام پراتفاق ہوا، دونوں جانب سے خطوط گورنر سندھ کو ارسال کردیے۔
وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کے اتفاق کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ بنانے کی سمری پر آج دستخط کردیے۔
کامران ٹیسوری نے آئین کے آرٹیکل 224 (1-اے) کے تحت جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کو سندھ کا نگراں وزیر اعلیٰ بنانے کی منظوری دی۔
اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا، مقبول باقر کا نام حکومت اور اپوزیشن دونوں کی طرف سے تھا، نگراں وزیراعلیٰ کی نامزدگی پہلا مرحلہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبول باقر کے نام پر جی ڈی اے سے مشاورت بھی شامل ہے،مقبول باقر ایسا نام ہے جو سندھ کے لوگوں کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔
حکومت اور اپوزیشن میں نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوتا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا جاتا۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ کے حتمی نام سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اہم معاملے پر مشاورت کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کے حوالے سے کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، تاہم یہ ملاقات بے نتیجہ ختم ہوئی تھی۔
دوسری جانب ایک بیان میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقرنے کہا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہمارا کام ان کی معاونت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے ہمارا یہی کردار ہوگا، کوشش ہوگی کہ آئین و قانون کے مطابق انتخابات ہو سکیں۔
اپنی نامزدگی پرانہوں نے کہا کہ یہ اہم ذمہ داری ہے، خاص کر جن مشکلات کا لوگوں کو سامنا ہے، کوشش رہے گی لوگوں کی مشکلات کم کرسکیں اور قانون کی بالادستی کو قائم رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کیلئے ’جسٹس (ر) مقبول باقر کا نام فائنل
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کا انتخاب: ایم کیو ایم اور جی ڈی اے 3 ناموں پرمتفق
مراد علی شاہ اور رعنا انصار کی گزشتہ روز کی ملاقات کے حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے باضابطہ نام پیش نہیں کیے گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا تھا کہ دونوں جانب سے غیر رسمی طور پر مختلف نام زیرغور آئے۔