نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی رکنیت اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرلیا، وہ نگراں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھانے سے پہلے استعفی دے دیں گے۔
نامزد نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، وہ حلف برداری کی تقریب سے پہلے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو بھجوادیں گے۔
قانونی طور پر انوار الحق کو سینیٹ نشست چھوڑنے کی ضرورت نہیں تھی اور ماضی میں ایسی ایک مثال بھی موجود ہے۔
کیا انوار الحق کو نگران وزیراعظم بننے کیلئے سینیٹ رکنیت چھوڑنا پڑےگی؟
باپ کی بنیاد رکھنے والے انوار الحق کاکڑ نگراں وزیراعظمتعینات
انوار الحق کاکڑ سے قبل پاکستان میں کون کون نگراں وزیرِ اعظمرہا
اس کے ساتھ ساتھ انوار الحق کاکڑ بلوچستان عوامی پارٹی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کریں گے، نامزد نگراں وزیراعظم مارچ 2024 تک سینیٹ کے رکن ہیں، انوار الحق کاکڑ 2018 میں آزاد حثیت سے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم اگلے 2 سے 3 دن میں اپنی کابینہ کو حتمی شکل دیں گے، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو نگراں کابینہ میں وزارت خزانہ کا قلمدان جبکہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کو وزیر خارجہ بنائے جانے پر غور کیا جارہا ہے دیگر اہم وزارتوں پر نامزدگیوں پر بھی غورجاری ہے۔
تاہم نامزد وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب انوار الحق کاکڑ ملک کے 8 ویں نگراں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف کل اٹھائیں گے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب کل سہ پہر3 بجے ایوان صدر میں ہوگی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نامزد وزیراعظم سے حلف لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے جبکہ تقریب میں شرکت کے دعوت نامے جاری کردیے گئے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس کو بھی دعوت نامے بھجوادیے گئے۔
اس کے علاوہ چیف جسٹس آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی گورنرز کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے جبکہ حلف برداری کی تقریب میں سابق وفاقی کابینہ کے اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حلف برداری کے فوری بعد وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر انوار الحق کاکڑ کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، نگراں وزیراعظم سے وزیراعظم ہاؤس کے عملے کا تعارف کروایا جائے گا۔
انوار الحق سے قبل نگراں وزیراعظم کے عہدے پر رہنے والوں میں غلام مصطفیٰ جتوئی، بلخ شیر مزاری، معین الدین حیدر، معراج خالد، محمد میاں سومرو، میر ہزار خان کھوسو اور جسٹس ناصر الملک شامل ہیں۔