9 مئی کو لاہور کے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ کو نئے مقدمہ میں گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمہ عائشہ علی بھٹہ کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
عائشہ کو راحت بیکری افشاں چوک میں پولیس کی گاڑیاں نذر آتش کرنے کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی، پولیس نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عائشہ علی بھٹہ کو چہرہ ڈھانپ کرعدالت پیش کیا ۔
تفتیشی افسر نے ملزمہ کی شناخت پریڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمہ پر راحت بیکری افشان چوک میں پولیس کی گاڑیاں نزر آتش کرنے کا الزام ہے، ملزمہ کی شناخت پریڈ کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات صادر کیے جائیں۔
ملزمہ کی جانب سے رانا مدثرعمر اور یوسف وائیں ایڈووکیٹ نے پیش ہو کر بتایا کہ ملزمہ کو پہلے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث کیا گیا، اب نئے مقدمے میں ملوث کر دیا گیا ہے، ملزمہ کی جناح ہاؤس حملہ میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ عائشہ علی بھٹہ کو شناخت پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجواتے ہوئے 26 اگست کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔