کراچی کا موجودہ موسم جو چل رہا ہے اس میں بادلوں کا راج ہے اور کبھی تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں، ایسے موسم میں بہت زیادہ امکان ہوتا ہے کہ ہلکی بارش اور پھوار ہو، یہ زیادہ تر رات اور صبح کے اوقات میں ہوتا ہے۔
کراچی کے موسم کے حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 10 سے 15 روز تک اسی طرح کا موسم رہنے کا امکان ہے، اور یہ بھی ممکن ہے اگست کا پورا ماہ یہی موسم رہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں جولائی کے اواخر سے اگست کا پورا ماہ اور ستمبر کے شروع کے دن عموماً اسی طرح کا موسم رہتا ہے، جس میں رات دیر کے اوقات اور صبح کے وقت پھوار اور ہلکی بوندا باندی ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی میں ملک بھر میں ہونے والی مون سون کی بارشیں کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی برستی رہیں، تاہم اب وہ بارشیں پاکستان کے شمال مشرقی علاقوں لاہور، گوجرنوالہ سیالکوٹ، اسلام آباد خیبر پختون خوا، کشمیر اور گلگت کی جانب منتقل ہو گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سے لے کر سندھ تک ابھی موسم خشک ہے، اور آئندہ 10 سے 15 روز تک کراچی سمیت ان تمام علاقوں میں مون سون بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، اورکراچی کا موسم اسی طرح رہے گا، جب کہ شہر کا درجہ حرارت 31، 32 اور کبھی 33 سینٹی گریڈ تک بھی جاسکتا ہے۔