ایشیا کپ اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا جبکہ فہیم اشرف، طیب طاہر اور سعود شکیل کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایشیاکپ کے لیے 17 رکنی اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم وہ ایشیاکپ کے 17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں جنہوں نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔
افغانستان سیریز، ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کے متوقع نام سامنےآگئے
افغانستان کیخلاف سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کی تشکیل پرمشاورت
بابراعظم قومی اسکواڈ کے کپتان جبکہ شاداب خان (نائب کپتان) ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، محمد رضوان، محمد حارث، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی قومی اسکواڈ
بابراعظم قومی اسکواڈ کے کپتان جبکہ شاداب خان (نائب کپتان) ہوں گے جبکہ عبداللہ شفیق، فخرزمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکٹرز نے اس سال اپریل مئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔ طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کے علاوہ سعود شکیل کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق فہیم اشرف 2 سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی سے ٹیم میں مزید توازن ہوگا، وہ آخری بار جولائی 2021ء میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کھیلے تھے۔
طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں اس سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
طیب طاہر پاکستان کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 128 رنز کی جیت میں سنچری کے ذریعے کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سعود شکیل پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انہوں نے آخری بار مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا جس میں پاکستانی ٹیم نے348 رنز کا ہدف عبور کرکے چھ وکٹوں سے سے کامیابی حاصل کی تھی۔
شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔
50 اوورز پر مشتمل ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے میچ سے ہوگا، یہ پہلا موقع ہے کہ 2008 کے بعد پاکستان کسی ملٹی نیشنل ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور گروپ بی میں3 ستمبر کو بنگلا دیش اور افغانستان جبکہ 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کے میچ کی میزبانی کرے گا اس کے علاوہ 6 ستمبر کو اے ون اور بی ٹو کے درمیان سپر فور کا میچ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ ہمبنٹوٹا میں 22 اور24 اگست کو کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل26 اگست کو کولمبو میں ہوگا۔
پاکستان میں موجود کرکٹرز 17 اگست کو سری لنکا روانہ ہوں گے، یہ کرکٹرز 14 سے 16 اگست تک قومی کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تین روزہ کیمپ میں حصہ لیں گے۔
لنکا پریمیئر لیگ اور ہنڈریڈ لیگ میں حصہ لینے والے کرکٹرز 18 اگست کو براہ راست سری لنکا میں ٹیم جوائن کریں گے۔