لاہور میں پولیس نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری کا کام کرنے والے ڈاکٹر سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان لوگوں کے گردے نکال کر بیرون ملک شہریوں کو فروخت کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد آصف، شاہد عباس، طارق نذیر، اسامہ علی، عمر جرار، محمد امتیاز، ریاض احمد اور ارسلان شامل ہیں۔
غیرقانونی دھندے میں ملوث افراد سے متعلق بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ اس کام میں ملوث تین ڈاکٹرز ثاقب خان، ڈاکٹر طارق محمود اور ڈاکٹرارشد فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ثاقب اس گینگ کا سرغنہ اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
ملزمان نے اظہر، سانول اور صبا کے گردے نکالے، اور یہ گردے دو غیر ملکی شہریوں کو لگائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ کے دوران دونوں غیر ملکی موقع پر موجود تھے۔
ملزمان کے غیر قانونی کلینک سے اعضا کی تبدیلی سے متعلق تمام مشینری اور آپریشن تھیٹر کے آلات، ادویات اور چار گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔