کراچی میں ناردرن بائی پاس پر ڈمپر اور کوسٹر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے گی۔
کراچی میں ناردرن بائی پاس ایم ڈی کٹ کے قریب ڈمپر اور کوسٹر میں خوفناک تصادم ہوگیا۔ حادثے میں 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دونوں گاڑیوں کا اگلا حصہ مکمل کر تباہ ہوگیا، کوسٹر میں سوار افراد نجی ریسٹورینٹ کے ملازمین تھے اور فارم ہاوس پکنک منانے جارہے تھے۔
حادثے کے بعد میئر کراچی مرتضی وہاب نے عباسی شہید میں زخمیوں کی عیادت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے آنے کا مقصد جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے غم میں شریک ہونا ہے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے حادثے کا شکار کوسٹر اور ڈمپر مخالف سمت میں آرہے تھے، کوسٹر میں سوار افراد نجی فوڈ چین کے ملازمین ہیں۔
حادثے کے بعد ناردرن بائی پاس پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، سڑک بلاک ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔