Aaj Logo

اپ ڈیٹ 06 اگست 2023 08:21pm

تربت: ندی میں نہاتے ہوئے 7 لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق

کیچ ندی میں 13 سال سے 16 سال کی عمر کی 7 لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں، جن کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق اتوار کی شام 5 بجے کے قریب تربت کے علاقے کیچ کی کلگ میں ندی میں نہاتے ہوئے 13 سے 16 سال کی 7 لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔

پولیس نے بتایا کہ تربت کی رہاشی سولہ طالبات پکنک منانے تربت سے پندرہ کلو میٹر دور کیچ ندی پر گئی تھیں، کہ نہاتے ہوئے ایک لڑکی ندی میں ڈوبنے لگی جسے بچانے کے لیے مزید 6 لڑکیوں نے ندی میں چھلانگ لگادی اور یہ لڑکیاں بھی زندگی کی بازی ہار گئیں۔

حکام نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی علاقے کے مقامی افراد اور ریسکیو ٹیم نے لاشیں ندی سے نکال کر اسپتال پہنچا دیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بچیوں کی شناخت فضا بنت زبیر عمر 16 سال، فائزہ بنت سلیم عمر 15 سال، ماہ تاب بنت کریم جان عمر 14، دردانہ بنت نعیم 15 سال، بشرہ بنت غلام 14 سال، شیرین بنت ناصر عمر 13 سال، ماہ زیب بنت اشرف عمر 16 سال سے کی گئی ہے۔ جب کہ 2 بچیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا واقعے پر اظہار افسوس

وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے تربت کے علاقے کلگ میں طالبات کے پانی میں ڈوب کر جانبحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 7 بچیوں کے جانبحق ہونے پر دلی دکھ ہوا، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان نے بچیوں کی مغفرت اور والدین کے لئے صبر کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی بھرپور معاونت کے لئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی اور کہا کہ بچ جانے والی بچیوں کی بہتر طبی دیکھ بھال کی جائے۔

Read Comments