وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہزارہ ایکسپریس حادثے میں تخریب کاری کا شبہ ظاہر کردیا۔
نوابشاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ”ہزارہ ایکسپریس“ کو پیش آئے حادثے میں پندرہ مسافر جاں بحق اور 50 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو حادثے کی خبر لاہور میں ایک پریس بریفنگ کے دوران ملی جس میں وہ کچھ نئے ٹرین پروجیکٹس کے بارے مئیں گفتگو کر رہے تھے۔
سعد رفیق نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بدقسمتی سے 15 اموات کی خبر آئی ہے، نواب شاہ اور سکھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرین 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جارہی تھی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ یا تو کوئی مکینکل فالٹ ہے یا پھر تخریب کاری، تخریب کاری تھی یا فنی خرابی اس کا فیصلہ ایف جی آئی آر کرے گی، لیکن پہلے ریلیف کا کام ہوگا پھر تحقیقات ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں کہہ ہی رہا تھا چند دن رہ گئے کوئی حادثہ نہ ہوجائے اور ایسا ہی ہوا۔