لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد ان کی رہائش گاہ زمان پارک جانے والے راستے بند کردیئے گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف وکلاء کی جانب سے بھی احتجاج کیا جا رہا ہے، وکلاء سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ کے اندر داخلل ہوگئے، اس وقت پولیس کی نفری بھی موجود ہے۔
## اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔
اسلام آباد سیشن عدالت کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی، جس کے بعد وفاقی پولیس کی جانب سے اسلام آباد میں سیکورٹی سخت کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے مختلف ناکوں پر اضافی نفری تعینات کردی گئی۔ایف سی اور رینجرز اہلکاروں نے مرکزی شاہراہوں میں گشت شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے شہر میں سرگرم سیاسی کارکنان کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں، ممکنہ احتجاج کی صورت میں کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کا امکان ہے۔