Aaj Logo

اپ ڈیٹ 04 اگست 2023 07:19pm

نگران وزیراعظم کے لئے 10 نام سامنے آگئے

نگران حکومت کے قیام کے لئے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے، اتحادی جماعتوں نے نگران وزیراعظم کا فیصلہ شہباز شریف کے سپرد کردیا ہے، جب کہ اپوزیشن جماعتیں بھی مشاورت کررہی ہیں، اور نگران وزیراعظم کے لئے اب تک متعدد نام سامنے آچکے ہیں۔

نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کے لئے آج بھی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ہوا۔ جس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آفتاب شیرپاؤ اور احمد وناز جدون شریک ہوئے۔

جلاس میں نگران وزیراعظم کے ناموں پرمشاورت کی گئی، اسی دوران نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سابق گورنر عشرت العباد، سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد، بلوچستان سے جسٹس (ر) شکیل بلوچ اور اسلم بھوتانی کے ناموں پر غور کیا گیا، اور اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور سابق گورنر سندھ بھی نگران وزیراعظم کی دوڑ میں شامل

دو روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی نگراں وزیراعظم کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہوگئے ہیں، جام کمال کے عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب میں ہونے کی وجہ سے تصدیق نہیں ہوسکی تھی، تاہم ان کے قریبی ساتھیوں نے ”آج نیوز“ کو تصدیق کی تھی کہ یہ درست ہے کہ جام کمال کو نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش ہے اور ان سے رابطے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن سابق وزیراعلیٰ یہ عہدہ قبول نہیں کریں گے۔

باوثوق ذرائع نے بتایا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار، خلیل رمدے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان اور سابق گورنر سندھ محمد میاں سومرو بھی مضبوط امیدوار ہیں۔

اب سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی شاہد خاقان عباسی کا بطور نگران وزیراعظم نامزد ہونے کی قوی امید ظاہر کی ہے، اور ساتھ ہی سابق وزیرخزانہ حفیظ شیخ کا بھی نام سامنے لائے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ میری معلومات نہیں بلکہ سیاسی تجزیہ ہے، کہ آنے والا عبوری وزیر اعظم سندھ یا پنجاب سے ہوگا-

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لئے پنجاب سے شاہد خاقان ممکنہ اور مضبوط امیدوار ہو سکتے ہیں، اور سیاسی حلقوں کو بھی قابل قبول ہو سکتے ہیں۔ جب کہ حفیظ شیخ جوکہ آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں میں مقبول ہیں اور فائنینشل مینجمنٹ کا تجربہ بھی رکھتے ہیں ایک مضبوط امیدوار کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔

سابق گورنر سندھ نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مجھے کسی بھی صورت عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آتے، اور لگتا ایسا ہے کہ آنے والی عبوری حکومت کا قیام لمبا ہوگا۔

Read Comments