سپریم کورٹ میں وکیل قتل کیس کی ایف آئی آر میں نامزدگی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر سماعت کرنے والا بینچ ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے خلاف کیس چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کرنے والا بینچ ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ہے، سپریم کورٹ نے نئی کازلسٹ جاری کردی گئی ہے۔
جسٹس یحییٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 9 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس مظاہرعلی اکبر،اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔ اس سے قبل جسٹس حسن اظہرکی جگہ جسٹس مسرت ہلالی بنچ کاحصہ تھیں۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل کوئٹہ میں ائیر پورٹ روڈ پر عالمو چوک کے قریب فائرنگ سے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر جاں بحق ہوگئے تھے، وہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین غداری کیس کے درخواست گزار تھے۔
جس کے بعد 7 جون 2023 کو سنگین غداری کیس کے پٹیشنر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی چئیرمین کیخلاف درج کیا گیا تھا۔
مقدمہ مقتول وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں شہید جمیل کاکڑ تھانہ میں درج کیا گیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف جمیل شہید پولیس تھانے میں زیر تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 109، 34 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 6 اور 7 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 15 جون کو وکیل ایڈووکیٹ عبدالرزاق شر قتل کیس میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت (ون) نے چیئرمین تحریک انصاف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، جبکہ تحریک انصاف کے وکلاء نے وان ارنٹ گرفتاری بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔
21 جون کو لاہور ہائیکورٹ نے کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی 3 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔