Aaj Logo

شائع 04 اگست 2023 05:18pm

کراچی اولڈ کلفٹن کی سڑک کو امام خمینی کے نام سے منسوب کردیا گیا

اولڈ کلفٹن کی سڑک کو امام خمینی سے منسوب کرکے سڑک کو ایران اور پاکستان کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے اولڈ کلفٹن کی سڑک کو امام خمینی سے منسوب کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبدالہیان اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے علاوہ ایرانی قونصل خانے کے عہدیداران سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایرانی وزیرخارجہ کے ہمراہ شاہراہ امام خمینی کا افتتاح کیا، اس موقع پر اولڈ کلفٹن سڑک کو ایران اور پاکستان کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت پر ایرانی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایران سے پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں، جس وجہ سے تاریخی سڑک کانام شاہراہ امام خمینی رکھنے کا فیصلہ کیا۔

میئرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی روابط ہیں، مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

Read Comments