معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے امریکا میں میوزک ٹور کے دوران اپنے ساز سامان کی باحفاظت منتقلی پر ٹرک ڈرائیورز کو خوش ہوکر 5 ملین ڈالرز کی ٹِپ دے ڈالی۔
حال ہی میں اپنے کنسرٹ کے ساؤنڈ سسٹم کی وجہ سے امریکا کے شہر سیٹل میں 2.3 شدت کے زلزلے کی وجہ بننے والی ٹیلر سوئفٹ ایک مرتبہ پھر سُرخیوں کا حصہ ہیں۔ لیکن اس بار وہ گلوکاری کے بجائے دریا دلی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
کنسرٹ کی شاندار کامیابی کے بعد گلوکارہ نے 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بونس دے دیا۔
لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق ٹرک ڈرائیورز کو بونس دینے کے علاوہ گلوکارہ نے اپنے بینڈ کے اراکین، ڈانسرز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیکنیشنز، کیٹررز اور دیگر عملے کو بھی دل کھول کر کافی رقم تحفے میں دی۔
سوشل میڈیا پر بھی ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کے خوب چرچے ہورہے ہیں اور مداح گلوکارہ کے اس عمل پر انہیں خوب سراہ رہے ہیں۔