Aaj Logo

شائع 03 اگست 2023 08:41am

پاکستان اور بھارت کے مسائل کا حل مذاکرات ہیں، امریکی محکمہ خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مسائل کا حل مذاکرات ہیں، دونوں کو براہ راست بات چیت سے مسائل حل کرنا ہوں گے۔

ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بھارت میں سب سے فسادات سے گریز کی درخواست کرتے ہیں۔

روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران ترجمان سے جب سوال کیا گیا کہ جمہوریت کے علمبردار کی حیثیت سے امریکا کا پاکستان میں حالات پر کیا مؤقف ہے جہاں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے آئندہ انتخابات کے بارے میں بیان دیا ہے، لیکن ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ ملک کے مقبول ترین سیاستدان عمران خان کو نااہل قرار دے کر انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

تو جواب میں محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ واشنگٹن کسی دوسرے ملک کے کسی انتخابی امیدوار کی نہیں، بلکہ ہمیشہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ امریکا دوسرے ملکوں میں کسی ایک یا دوسرے انتخابی امیدوار کی حمایت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم آزادانہ، کھلے اور منصفانہ انتخابات کی حمایت کرتے ہیں۔‘

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے کسی امکان کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں ترجمان ملر نےکہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مسائل پر براہ راست بات چیت کے حق میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم بھارت اور پاکستان کے درمیان اہم معاملات پر براہ راست ڈائیلاگ کی حمایت کرتے ہیں اور یہ ہمارا طویل عرصے سے موقف رہا ہے۔‘

انسدادِ منشیات کے لیے امریکی کوششوں اور ان کے لیے فنڈز کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں انسداد منشیات پر سالانہ چار سے پانچ ملین ڈالر کی امدادی رقم خرچ کرتا ہے۔

Read Comments